ہم نے جیلیں کاٹیں، شور نہیں مچایا: احسن اقبال

0

لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ انہیں ماضی میں جھوٹے مقدمات میں قید کیا گیا، مگر انہوں نے کبھی شکایت یا واویلا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس جیل میں انہیں رکھا گیا تھا، آج وہی سیاسی شخصیت وہاں قید ہے اور مختلف شکایات سامنے لا رہی ہے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں مکمل طبی اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے بہترین علاج معالجے کی سہولتیں مہیا ہیں اور خود ان کے قریبی ساتھی بھی اس پر اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر کبھی شور شرابا نہیں کیا۔ ان کے بقول بعض حلقوں کی جانب سے بیرونِ ملک شکایات اور دہائیاں دی جا رہی ہیں، حالانکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ دورانِ قید ان کی بازو کی فزیوتھراپی تک کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

احسن اقبال نے ملکی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ترقیاتی سفر اس وقت متاثر ہوا جب ایک “اناڑی” کو حکومت سونپ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ چار برسوں میں عوامی مسائل کے حل کے بجائے مخالفین کے خلاف محاذ آرائی اور الزام تراشی کو فروغ دیا گیا، جس سے ملکی معیشت اور سیاسی ماحول کو نقصان پہنچا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.