بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا علاج، پمز سے فالو اپ کے بعد اڈیالہ جیل منتقل
اسلام آباد: بانی پاکستان تحریکِ انصاف کو آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں گزشتہ روز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں ان کا فالو اَپ چیک اَپ اور طبی معائنہ مکمل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 24 فروری کو پمز لایا گیا۔ انہیں اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وٹریئل انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی۔
طریقہ کار سے قبل تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ ای سی جی اور ایکو کارڈیو گرافی کے نتائج نارمل قرار دیے گئے۔
ڈاکٹروں کے مطابق عمران خان طبی طور پر مستحکم ہیں۔ انجیکشن خوردبین کی رہنمائی میں ماہر سرجنز نے لگایا۔ یہ عمل پمز اور الشفاء آئی ہسپتال کے ماہرین کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔
ڈے کیئر سرجری کے بعد انہیں ضروری فالو اَپ ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا اور بعد ازاں سیکیورٹی انتظامات کے تحت واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔