وزیراعظم کی نئے چینی سال کے آغاز پر صدر شی جن پنگ اورچینی عوام کو مبارکباد
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے چینی سال کے آغاز پرچین کے صدر شی جن پنگ،چین کے برادر عوام اور دنیا بھرمیں چینی شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اورچین ہر طرح کے حالات میں تزویراتی تعاون پرمبنی شراکت داری ، امن و ترقی اورعلاقائی روابط کے مشترکہ وژن پر کاربند ہیں۔
پیر کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے چینی سال 2026 جو چین میں ’’ گھوڑے کا سال‘‘ قرار دیا جاتا ہے، کی آمد پر میں چین کے صدر شی جن پنگ، چینی برادر عوام اوردنیا بھر میں آباد چینی برادریوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گھوڑا توانائی، ثابت قدمی اور رفتار کی علامت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں جو ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری،امن، ترقی اور علاقائی روابط کے مشترکہ وژن سے بندھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ نیا سال ہماری پائیدار دوستی کو مزید مضبوط کرے اور ہمارے دونوں عوام کی خوشحالی کے لیے تعاون کو مزید وسعت دے،پوری پاکستانی قوم میرے ساتھ ہم آواز ہو کر اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کے لیے ’’گھوڑے کے سال‘‘ میں صحت، کامیابی اور ترقی کی نیک تمنائیں پیش کرتی ہے۔