شہباز شریف آج ویانا میں مصروف دن گزاریں گے۔
ویانا: محمد شہباز شریف آج آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اہم اور مصروف سفارتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
وزیرِ اعظم اپنے دورۂ آسٹریا کے دوران آسٹرین چانسلر کرسچئین اسٹاکر سے آسٹرین چانسلری میں ملاقات کریں گے، جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے طور پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

ملاقات میں پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے جس میں مختلف شعبہ جات میں اشتراکِ عمل بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم پاکستان۔آسٹریا بزنس فورم سے خطاب کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری رہنما اور سرمایہ کار شریک ہوں گے۔
اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، معاشی اصلاحات اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر روشنی ڈالیں گے۔
مزید برآں، وزیرِ اعظم ویانا میں اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام ’’پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت اور خطاب بھی کریں گے،
جس میں وہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور عالمی استحکام کے لیے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کریں گے۔
وزیرِ اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان سیاسی، سفارتی اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔