پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا مظہر ہیں،خلیل ہاشمی

0

بیجنگ: چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا مظہر ہیں، اور فنونِ لطیفہ عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات بیجنگ کے بیجنگ پیس گارڈن میوزیم میں “اپنائیت کے سائے” کے عنوان سے منعقدہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس نمائش کا اہتمام پاکستانی سفارتخانے نے بیجنگ پیس گارڈن اور آئی بی آئی گوولیان گوفان کے تعاون سے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر کیا۔
خلیل ہاشمی نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات کی ایک مثالی داستان رقم کی ہے، اور وقت کے ساتھ یہ دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فن اور ثقافت دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہیں، اور یہ نمائش اسی مشترکہ ثقافتی ہم آہنگی کی خوبصورت عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے پاکستانی فنکارہ نازیہ اکرم کی تخلیقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے فن پارے پاکستان کی ثقافتی روح اور روزمرہ زندگی کی دلکش عکاسی پیش کرتے ہیں، جبکہ چینی موسیقار وانگ لانگ کی موسیقی نے نمائش کو مزید دلکش بنا دیا۔

اس موقع پر نازیہ اکرم نے کہا کہ “اپنائیت کے سائے” محض ایک تصویری نمائش نہیں بلکہ ایک ثقافتی مکالمہ ہے، جو پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تفہیم اور فنی تبادلوں کے مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد، میڈیا نمائندگان اور ثقافتی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے تصویری نمائش اور موسیقی کو بے حد سراہا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کے فروغ کی ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.