ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کی شرکت یا بائیکاٹ کا فیصلہ جمعہ تک مؤخر
اسلام آباد: پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت یا ممکنہ بائیکاٹ سے متعلق فیصلہ تاحال مؤخر کر دیا گیا ہے، حتمی اعلان جمعہ یا آئندہ پیر کو متوقع ہے۔بنگلہ دیش کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے بھی بائیکاٹ کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں موجودہ صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ملاقات کے بعد فوری فیصلے کی امید ظاہر کی جا رہی تھی تاہم پی سی بی نے مشاورت کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا اگلے پیر کو کیا جائے گا۔
انہوں نے وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ تمام ممکنہ آپشنز کو سامنے رکھتے ہوئے ایسا فیصلہ کیا جائے جو قومی مفاد اور کرکٹ کے بہترین مستقبل کے مطابق ہو۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ تمام سفارتی، انتظامی اور کھیل سے متعلق پہلوؤں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ شائقین کرکٹ کی نظریں حتمی فیصلے پر جمی ہوئی ہیں۔