پاکستان اور میانمار کا دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

0

اسلام آباد:پاکستان اور میانمار نے سیاسی، تجارتی، کاروباری، ثقافتی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کو نئے سرے سے متحرک کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

یہ بات میانمار کے وزیرِ خارجہ تھان سوے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی، جس میں باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور اس امر پر اتفاق ہوا کہ دوطرفہ تعلقات میں وسیع مگر تاحال غیر استعمال شدہ صلاحیت موجود ہے۔


اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور میانمار نے سیاسی مشاورت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت وزارتِ خارجہ کے درمیان باقاعدہ اور منظم رابطوں کا ادارہ جاتی نظام قائم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ طریقہ کار دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر مؤثر مکالمے میں مددگار ثابت ہوگا۔

نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ میانمار کے وزیرِ خارجہ کا دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی روابط اور باہمی احترام کی بنیاد پر تمام ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ فریقین نے استعداد سازی، ترقی، انسانی ہمدردی، قونصلر تعاون اور بالخصوص دھوکہ دہی کے گروہوں کے متاثرین سے متعلق امور میں قریبی رابطہ کاری بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے تعلیمی روابط، نوجوانوں کے تبادلے اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کے بدھ مت ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے مذہبی سیاحت کے امکانات کو اہم قرار دیا۔

نائب وزیرِ اعظم نے تنازعات کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال میانمار کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر میانمار کے وزیرِ خارجہ تھان سوے نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان تاریخی طور پر مضبوط تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد نوآبادیاتی دور کے مشترکہ تجربات اور تحریکِ آزادی کے دوران قائدِ اعظم محمد علی جناح اور جنرل آنگ سان کے باہمی تعاون پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں برس دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 78سال مکمل ہو رہے ہیں

تھان سوے نے کہا کہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تبادلوں اور سائنسی تعاون سمیت مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔

انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری رہنماؤں کو میانمار کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کاروبار سے کاروبار روابط، سیاحت اور سسٹر سٹی اقدامات دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.