بنگلہ دیش اخراج کا فیصلہ تسلیم، آئی سی سی سے رجوع نہ کرنے کا اعلان
بنگلہ دیش:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے اخراج کے حوالے سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فیصلے کو باضابطہ طور پر قبول کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف کسی بھی فورم پر اپیل یا قانونی کارروائی نہیں کرے گا۔
ڈھاکا میں منعقدہ بورڈ اجلاس کے بعد میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امزاد حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نہ تو آئی سی سی کے فیصلے کو چیلنج کرے گا اور نہ ہی کسی ثالثی یا تنازعہ حل کے عمل کا حصہ بنے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی سے رجوع کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
امزاد حسین کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے میچز کسی دوسرے ملک منتقل نہ کرنے کا فیصلہ حتمی ہے، جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر بھارت جا کر کھیلنے سے قاصر ہے، اسی صورتحال میں بورڈ نے آئی سی سی کے فیصلے کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ حکومت کے سامنے رکھا گیا تھا جہاں کابینہ اجلاس میں قومی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد کرکٹ بورڈ کے پاس کوئی عملی متبادل موجود نہیں رہا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے انکار کے بعد اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل کر لیا ہے۔ آئی سی سی حکام نے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ بھارت سفر نہ کرنے کی صورت میں بنگلہ دیش کو میگا ایونٹ سے باہر کر دیا جائے گا۔