صدرِ مملکت سے صومالی وزیرِ داخلہ کی ملاقات، سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری معاہدہ

0

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے صومالیہ کے وزیرِ داخلہ علی یوسف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور صومالیہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔

ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق معاہدے پر صومالیہ کی وزارتِ خارجہ و بین الاقوامی تعاون کے مستقل سیکرٹری حمزہ عدن حادو اور پاکستان کی وفاقی وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کے سپیشل سیکرٹری داود محمد بڑیچ نے دستخط کیے۔

صدرِ مملکت نے اس موقع پر کہا کہ افریقہ عالمی جغرافیائی سیاست میں اہم حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان صومالیہ سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون خصوصاً مشترکہ مفادات کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر زور دیا۔

صدرِ مملکت کو آگاہ کیا گیا کہ صومالی وزیرِ داخلہ کا یہ دورہ گزشتہ 35 برسوں میں صومالیہ کی جانب سے پاکستان کا پہلا باضابطہ دوطرفہ سرکاری دورہ ہے۔

صدر زرداری نے بین الاقوامی جرائم، منشیات کی سمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف علاقائی و عالمی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، کرمنل جسٹس سسٹم، حوالگی معاہدوں، فوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت، سزا یافتہ افراد کی منتقلی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور اہلکاروں کی تربیت کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

صدرِ مملکت کو بتایا گیا کہ پاکستان نے نادرا کے ذریعے جدید شناختی نظام، سول رجسٹریشن، محفوظ دستاویزی نظام اور صومالی پولیس کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

صومالی وزیرِ داخلہ نے حکومتِ پاکستان اور وزارتِ داخلہ کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور صومالی صدر کی جانب سے صدرِ مملکت کے نام خیرسگالی کا خط بھی پیش کیا۔

انہوں نے پاکستان کو صومالیہ کا قابلِ اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے 1990 کی دہائی میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے دوران پاکستانی امن فوجیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن رضا نقوی، وزیرِ مملکت طلال چوہدری جبکہ صومالی وفد میں پاکستان میں صومالیہ کے سفیر شیخ نور محمد حسن اور ڈپٹی پولیس چیف عثمان عبداللہی بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.