بونڈائی بیچ حملہ، زخمی حملہ آور پر دہشت گردی سمیت 50 الزامات عائد

0

سڈنی: بونڈائی بیچ پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے حملہ آور پر دہشت گردی سمیت مجموعی طور پر 50 الزامات عائد کر دیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق 24 سالہ ملزم نوید اکرم پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوا، جبکہ اس کا والد ساجد اکرم موقع پر ہلاک ہو گیا۔

واقعے کے دوران باپ بیٹے کی فائرنگ سے مجموعی طور پر 15 افراد جان سے گئے جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے۔

فلپائن کے مشیرِ قومی سلامتی ایڈورڈ ایم آنو نے اس حوالے سے کہا ہے کہ حملہ آوروں کے فلپائن میں کسی قسم کی دہشت گردانہ تربیت کے شواہد نہیں ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ محض کسی ملک کا دورہ دہشت گردی کی تربیت کا ثبوت نہیں ہو سکتا، دونوں افراد کی فلپائن میں کسی قسم کی عسکری تربیت ممکن نہیں تھی۔

دوسری جانب آسٹریلوی پولیس اس پہلو کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا ملزم نے فلپائن میں کسی شدت پسند گروہ سے رابطہ یا تربیت حاصل کی یا ان کے دورے کا کوئی اور مقصد تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں ہونے والے حملے سے متعلق بھارتی سفارتخانے کو پہلے ہی دن حملہ آوروں کی شناخت کا علم تھا، تاہم بھارتی حکام نے جان بوجھ کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔

تحقیقات کے دوران حملے میں ملوث بھارتی شہری ساجد اکرم اور اس کے بیٹے نوید اکرم کے پاسپورٹس منظر عام پر آ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی سفارتخانے نے

24 فروری 2022 کو دس سال کی مدت کے لیے جاری کیا تھا، اور بھارتی حکام کو ابتدا ہی سے حملہ آور کی بھارتی شہریت کا علم تھا۔

ادھر سڈنی میں حنوکا میلے کے دوران 15 افراد کے قتل کے بعد یہودی آسٹریلوی کمیونٹی میں شدید خوف اور عدم تحفظ پایا جاتا ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں ہولوکاسٹ سے بچ جانے والے دو افراد، ایک دس سالہ بچی اور ایک جوڑا بھی شامل ہے۔

کمیونٹی رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں ایک بار پھر وہی نفرت اور خطرہ محسوس کیا جا رہا ہے جس سے بچنے کے لیے ان کے آباؤ اجداد نے ہجرت کی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.