ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت پر پنشن اور تنخواہ دونوں لینے کی اجازت

0

اسلام آباد: وزارتِ خزانہ نے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کرنے والے سرکاری ملازمین سے متعلق پالیسی میں ایک بار پھر اہم تبدیلی کر دی ہے اور پنشن یا تنخواہ میں سے ایک لینے سے متعلق تمام سابقہ احکامات واپس لے لیے ہیں۔

وزارتِ خزانہ کے تازہ فیصلے کے مطابق وہ سرکاری ملازمین جو ریٹائرمنٹ کے بعد کنٹریکٹ، عارضی بنیادوں یا مقررہ مدت کے لیے دوبارہ ملازمت اختیار کرتے ہیں، اب پنشن اور تنخواہ دونوں بیک وقت حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔

اس فیصلے کے بعد وفاقی اداروں کے سربراہان، ایم پی اسکیل اور اسپیشل پروفیشنل پے اسکیل پر تعینات افسران پر عائد پابندیاں بھی ختم ہو گئی ہیں اور وہ پنشن کے ساتھ تنخواہ، الاؤنسز اور دیگر مراعات وصول کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ وزارتِ خزانہ نے 22 اپریل 2025 کو احکامات جاری کیے تھے جن میں 60 سال کی عمر کے بعد دوبارہ ملازمت کرنے والے سرکاری ملازمین کو صرف پنشن یا تنخواہ میں سے کسی ایک کے انتخاب کا پابند بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان احکامات پر اعتراض کرتے ہوئے نشاندہی کی تھی کہ پہلے سے دوبارہ ملازمت کرنے والے ملازمین کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں۔ اس اعتراض کے بعد وزارتِ خزانہ نے 19 جون 2025 کو وضاحتی احکامات جاری کیے، جن کے مطابق 22 اپریل 2025 کے بعد دوبارہ ملازمت کرنے والے افسران پر یہ اصول لاگو ہوگا، جبکہ اس تاریخ سے قبل ریٹائر ہونے والے ملازمین پنشن اور تنخواہ دونوں کے حقدار ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.