بنگلہ دیش میں 12 فروری کو عام انتخابات کا اعلان
ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد ملک میں نئے قومی انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 13 ویں قومی انتخابات 12 فروری 2026 کو منعقد ہوں گے۔
بیرون ملک مقیم بنگلہ دیشیوں کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹ کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے پہلی بار ملک کی تاریخ میں ایک ہی دن قومی انتخابات اور چار ریفرنڈم کروانے کا شیڈول جاری کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم ناصر الدین نے اعلان کیا کہ امیدوار 29 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 30 دسمبر سے 4 جنوری تک ہوگی، جبکہ واپس لینے کی آخری تاریخ 20 جنوری مقرر کی گئی ہے۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے 13 ویں قومی انتخابات کو “نیا بنگلہ دیش تعمیر کرنے کا تاریخی موقع” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات شفاف اور قابل اعتماد ہونے چاہئیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے کسی خوف کے بغیر ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن جلد ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کا تقرر کرے گا جو انتخابات سے متعلق تمام انتظامی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔