عادل راجہ نے بریگیڈیر (ر) راشد نصیر سے معافی مانگ لی
لندن: لندن ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے یوٹیوبر عادل راجہ نے بریگیڈیر (ر) راشد نصیر سے باضابطہ طور پر معافی مانگ لی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق عادل راجہ کو بریگیڈیر (ر) راشد نصیر کو 50 ہزار پاؤنڈ بطور ہرجانہ اور 2 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ عدالتی اخراجات کی مد میں فوری طور پر ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عادل راجہ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں اعتراف کیا کہ انہوں نے 14 سے 29 جون 2022 کے دوران بریگیڈیر (ر) راشد نصیر کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد الزامات عائد کیے تھے۔ انہوں نے لندن ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق ان الزامات پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت کے تمام احکامات کی پابندی کریں گے۔
عدالتی فیصلے کو ہتکِ عزت کے مقدمات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس میں عدالت نے متاثرہ فریق کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں۔