ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 94 کروڑ ڈالر قرض منظور
اسلام آباد: پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک نے مجموعی طور پر 94 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اس کے علاوہ ADB کے ساتھ 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے ترقیاتی معاہدے بھی طے پا گئے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 54 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی ہے، جس میں سے 40 کروڑ ڈالر سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے استعمال ہوں گے، جبکہ 14 کروڑ ڈالر سندھ کے ٹل ریزی لینس سیکٹر پراجیکٹ کے لیے رہائشی قرض کے طور پر دیے جائیں گے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان میں سرکاری اداروں کی گورننس اور کارکردگی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
گزشتہ پانچ سال میں ایس او ایز میں اصلاحات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور 2023 میں ایس او ایز ایکٹ اور پالیسی کے نفاذ کو اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔
اصلاحات کے نفاذ کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔
عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 40 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی ہے۔ یہ رقم صوبہ پنجاب کے شہروں میں پانی اور صفائی کی سہولیات کے لیے استعمال ہوگی۔
منصوبے کے تحت پنجاب کے 16 شہروں میں محفوظ پانی، صفائی، بارش کے پانی کے نکاس، سیوریج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ پروگرام سے 45 لاکھ افراد مستفید ہوں گے اور 20 لاکھ افراد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں بہتری سے فائدہ اٹھائیں گے۔
منصوبے کے تحت خواتین کے لیے نئی بھرتیوں اور فیصلہ سازی میں نمائندگی کو ترجیح دی جائے گی، خواتین کے لیے سکل ڈویلپمنٹ اور جینڈر کمپلینٹ ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ گھریلو سطح پر صفائی اور حفظان صحت کے لیے آگاہی مہمات بھی چلائی جائیں گی۔
منصوبہ نجی شعبے کی پانی و صفائی میں سرمایہ کاری کو بھی متحرک کرے گا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام و ستھرا پنجاب پروگرام کی معاونت کرے گا۔
مزید برآں، وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان اور ADB کے درمیان 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے ترقیاتی معاہدے بھی طے پا گئے ہیں۔ پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لیے دو اہم پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھ ایجوکیشن پروگرام اساتذہ کی تربیت کے ذریعے سیکنڈری تعلیم میں بہتری لائے گا، جبکہ پنجاب نرسنگ و ہیلتھ ورکس فورس ریفارم پروگرام کے لیے 15 کروڑ ڈالر کی معاونت فراہم کی جائے گی۔ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں نرسنگ کے تین سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے۔
معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور حمد حمیر کریم اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے دستخط کیے۔ دونوں پروگرام نتائج پر مبنی اور نظامی اصلاحات کا حصہ ہیں۔