چکوال: راولپنڈی روڈ پر المناک حادثہ، ماں جاں بحق، بیٹی شدید زخمی
چکوال:چکوال کے علاقے بہکڑی کے قریب راولپنڈی روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور گدھا گاڑی کے درمیان افسوسناک تصادم پیش آیا، جس کے نتیجے میں 58 سالہ خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کی 32 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ماں اور بیٹی گدھا گاڑی پر سوار ہوکر جانوروں کے لیے چارہ لینے کھیتوں کی جانب جا رہی تھیں کہ تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثے کے بعد موقع پر موجود افراد نے زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔