تلہ گنگ میں تجاوزات کے خلاف بڑی کارروائی، متعدد دکانیں سیل

0

 تلہ گنگ:تلہ گنگ انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی جس میں متعدد غیرقانونی دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ سلیمان منشاء کی خصوصی ہدایات پر ایم او آر سیلم اقبال، انکروچمنٹ انسپکٹر مدثر ٹمن اور پیرا فورس کے انسپکٹر احتشام احمد نے مختلف بازاروں اور اہم تجارتی مقامات کا دورہ کیا۔

کارروائی کے دوران فٹ پاتھوں، سڑکوں اور گزرگاہوں پر قائم تمام غیرقانونی تجاوزات ہٹا دی گئیں جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ متعدد دکانیں موقع پر سیل کی گئیں۔

انتظامیہ کے مطابق شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، عوامی سہولت کو یقینی بنانے اور قانون کی عملداری قائم رکھنے کے لیے یہ آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر سلیمان منشاء نے کہا کہ تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ خود تجاوزات ختم کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔

عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مستقل آپریشنز سے شہر کی خوبصورتی، صفائی اور نظم و ضبط میں واضح بہتری آئے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.