انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد پہنچیں گے

0

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو کل سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے ۔

صدر پرابووو اپنے اعلیٰ حکومتی وزراء اور سینیئر حکام پر مشتمل وفد کے ہمراہ دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ان کا پہلا دورۂ پاکستان ہوگا، جبکہ انڈونیشیا کی جانب سے آخری صدارتی دورہ 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے کیا تھا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورہ اس لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے سفارتی تعلقات کے قیام کو رواں سال 75 برس مکمل ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں قیام کے دوران صدر پرابووو وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جبکہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔ متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

پاکستان اور انڈونیشیا گہرے، دوستانہ اور دیرینہ تعلقات کے حامل ہیں۔

صدر پرابووو کا یہ دورہ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، نئے شعبوں میں تعاون کے دروازے کھولنے اور علاقائی و عالمی سطح پر مشترکہ مفاہمت کو آگے بڑھانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.