قلات میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ،وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
لاہور: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع قلات میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن کے دوران تنظیم کے 12 دہشت گردوں کے ہلاک کیے جانے پر وہ سیکیورٹی فورسز کے عزم، بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا پختہ عزم رکھتی ہے۔