سہہ ملکی سیریز: پاکستان کی فتح، صدر و وزیراعظم کا کرکٹ ٹیم کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی سری لنکا کے خلاف سہہ ملکی سیریز کے فائنل میں کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے اپنے تہنیتی پیغامات میں کہا کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے تمام کھلاڑیوں نے سیریز کے دوران شاندار کھیل پیش کیا، جبکہ سری لنکا اور زمبابوے کے کھلاڑیوں کی کارکردگی نے بھی پاکستانی شائقین کے دل جیت لیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سہہ ملکی سیریز کا کامیاب انعقاد ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، اور فائنل میں قومی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور انتظامیہ کو بھی سیریز کو شاندار انداز میں منعقد کرنے پر سراہا۔