اداکار دھرمیندر 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
ممبئی: بھارتی اداکار دھرمیندر دیول 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار دھرمیندر دیول 306 فلموں میں کام کر کے "مین آف انڈین سینما” کے لقب کے مستحق بنے۔ انہوں نے 1960 میں دل بھی تیرا ہم بھی تیرے سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور دھرم ویر، شعلے، چپکے چپکے، میرا گاؤں میرا دیش سمیت کئی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
دھرمیندر رواں ماہ کے اوائل میں سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال میں داخل ہوئے تھے اور صحت یاب ہو کر گھر آئے، تاہم 12 دن بعد انتقال کر گئے۔ ان کی آخری فلم اکیس 25 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔
دھرمیندر کے پسماندگان میں ان کی دو بیویاں پرکاش کور اور ہیما مالنی، اور چھ بچے شامل ہیں: سنی دیول، بوبی دیول، ایشا دیول، آہنا دیول، اجیتا اور وجیتا۔
فلم انڈسٹری کی ممتاز شخصیات نے دھرمیندر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی وفات کے ساتھ بھارتی سینما کا ایک نمایاں دور ختم ہو گیا۔ آخری رسومات ممبئی میں ادا کی گئیں، جن میں اہل خانہ اور فلمی شخصیات شریک ہوئیں۔