وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش

0

اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن عملے کو دھمکانے کے الزام کے کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے پیش ہوگئے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

گزشتہ سماعت میں الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، جس کے مطابق سہیل آفریدی اپنے وکیل علی بخاری کے ہمراہ کمیشن میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران وکیل نے موقف اپنایا کہ این اے 18 سے متعلق دیگر درخواستوں کو بھی اکٹھا سن لیا جائے، تاہم اسپیشل سیکریٹری لاء نے کہا کہ یہ کیس مخصوص نوعیت رکھتا ہے اور اسے علیحدہ ہی سنا جائے گا۔

اسپیشل سیکریٹری لاء نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ اور آئین کے تحت کمیشن کو مکمل اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی ہدایات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ افسر کی رپورٹ کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی ہے، جس پر میرٹ کے مطابق جواب طلبی ضروری ہے۔

 واضح رہے کہ این اے 18 کے ضمنی انتخابات کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی جس میں انہیں مبینہ طور پر الیکشن عملے پر دباؤ ڈالتے اور سخت لہجے میں گفتگو کرتے دیکھا گیا۔

الیکشن کمیشن نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ عمل انتخابی ضابطے کی خلاف ورزی اور کمیشن کی ہدایات نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔
اس واقعے کے بعد مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی خدشات کا اظہار کیا گیا تھا کہ اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کا پولنگ عملے پر اثر انداز ہونا انتخابی شفافیت کو متاثر کر سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ کے خلاف باضابطہ کارروائی کا آغاز کیا۔

واضح رہے کہ کیس پر کارروائی جاری ہے اور آئندہ سماعت میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے مزید وضاحت طلب کیے جانے کا امکان ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.