عوامی شکایات پر کارروائی،تلہ گنگ میں وستر چوک کے قریب اسفالٹ پلانٹ سیل
تلہ گنگ: عوامی شکایات پر وستر چوک کے قریب قائم اسفالٹ پلانٹ کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) نے سخت کارروائی کرتے ہوئے پلانٹ کو قواعد کی سنگین خلاف ورزیوں اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث سیل کر دیا۔
ای پی اے چکوال/تلہ گنگ کی ٹیم نے آج دوبارہ موقع کا تفصیلی معائنہ کیا، جس میں پلانٹ کے گرد پھیلتی دھول، سموگ، زہریلی گیسوں اور شور کی بلند سطح کی نشاندہی کی گئی۔ ٹیم کے مطابق یہ آلودگی نہ صرف ماحول بلکہ آس پاس کی رہائشی آبادی کیلئے بھی شدید خطرہ بن چکی تھی۔
ای پی اے نے پلانٹ کے مالک کو تحریری طور پر 7 روزہ سموگ نوٹس جاری کر دیا ہے، جس میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ پلانٹ کو چلانے کیلئے Emissions Control System (ECS) کی تنصیب 7 دن کے اندر لازمی کی جائے۔ مقررہ مدت میں حفاظتی نظام نصب نہ کرنے کی صورت میں پلانٹ کی مکمل بندش اور سخت قانونی کارروائی عمل میں جائے گی۔
ای پی اے کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے اور کسی بھی صنعتی یونٹ کو بغیر حفاظتی اقدامات کے کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے انتظامیہ کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پلانٹ سے گزشتہ کئی ماہ سے دھول، دھواں اور شور کی وجہ سے علاقہ شدید متاثر تھا۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ماحولیات سے متعلق شکایات پر اسی طرح سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق پلانٹ کی سیلنگ اور سموگ نوٹس کا اجرا تلہ گنگ میں بڑھتی ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کی جانب ایک اہم قدم ہے۔