اسحاق ڈار بیرونِ ملک دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

0

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اپنے اہم بیرونِ ملک دوروں کی تکمیل کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ اتوار کو دفترِ خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار ماسکو (17 تا 19 نومبر) اور برسلز (19 تا 21 نومبر) کے سرکاری دوروں کے بعد مدینہ منورہ میں مختصر قیام بھی کیا، جہاں انہوں نے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دی۔ اس کے بعد وہ اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔

دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کے دورۂ ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون، توانائی شراکت داری، تجارتی روابط اور خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے روسی قیادت سے ملاقاتوں میں پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

برسلز کے دورے کے دوران نائب وزیرِ اعظم نے یورپی یونین حکام، ممبرانِ یورپی پارلیمان اور اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، جن میں جی ایس پی پلس، تجارت، سرمایہ کاری، سیکیورٹی تعاون اور پاکستان—یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے بہتر نفاذ پر گفتگو ہوئی۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے لیے یورپی یونین کے تعاون کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دفترِ خارجہ کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار کے یہ دورے پاکستان کے سفارتی، اقتصادی اور علاقائی شراکت داری کے اہداف کو وسعت دینے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.