لاوہ،سکول وینز کی سخت چیکنگ، بچوں کی حفاظت اولین ترجیح
لاوہ (حفیظ اللہ اعوان): اسسٹنٹ کمشنر لاوہ، سعید احمد نے سکول طلباء و طالبات کو پک اینڈ ڈراپ کرنے والی گاڑیوں کی سخت انسپکشن کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ گیس سلنڈر رکھنے والی، فٹنس سرٹیفیکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیاں، اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے ڈرائیوروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق، اسسٹنٹ کمشنر نے سکول اوقات میں روڈ پر ناکہ بندی کر کے پرائیویٹ سکول وینز کا معائنہ کیا اور ڈرائیورز و گاڑی مالکان کو ایک ہفتے کے اندر تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت دی۔ اس میں گاڑی کے فٹنس سرٹیفیکیٹ کی فراہمی، غیر قانونی گیس سلنڈر کا ہٹانا، اور ڈرائیور کے لائسنس کی تصدیق شامل ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سعید احمد نے کہا کہ معصوم بچوں کی زندگی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء و طالبات کی محفوظ سفری سہولیات کے لیے گاڑیوں کی انسپکشن کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔