قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی پر نئی سیاسی کشیدگی
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی ایک نئی سیاسی کشیدگی کا سبب بن گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی کے نام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے چیف وہیپ پی ٹی آئی عامر ڈوگر کو باضابطہ خط ارسال کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے اعتراض مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی ہی پارٹی کا حتمی انتخاب ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی کے بانی نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کیا تھا، اس فیصلے میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔
چیف وہیپ عامر ڈوگر کے مطابق نام پارٹی کے بانی کی مشاورت سے دیا گیا تھا جبکہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر سے مشاورت کے بعد خط کا باضابطہ جواب بھجوایا جائے گا۔
پارلیمانی حلقوں میں اس معاملے پر آنے والے دنوں میں مزید پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔