ڈھاکہ: مولانا فضل الرحمن کا بڑے عوامی اجتماع میں خیرسگالی کا پیغام
ڈھاکہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں بہتری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے ایسے ہیں جنہیں وقتی سیاسی حالات کمزور نہیں کر سکتے۔
مولانا فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ "بھائی چاہے الگ گھر بسا لیں یا جائیداد تقسیم کر لیں، اُن کے بھائی چارے میں فرق نہیں آتا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات بھی ایسے ہی مضبوط اور دیرپا ہیں۔” انہوں نے کہا کہ غلط فہمیوں کو دور کرنے اور راستوں کو مزید کھولنے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی سطح پر روابط میں اضافہ ہو۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر بنگلہ دیش پاکستان کی طرف ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان دو قدم بڑھا کر تعلقات مضبوط کرنے کی کوشش کرے گا۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وہ پاکستان کی عوام اور قیادت کی جانب سے خیرسگالی، بھائی چارے اور تعاون کا خصوصی پیغام لے کر ڈھاکہ آئے ہیں، اور امید رکھتے ہیں کہ مستقبل میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
خطاب کے دوران انہوں نے عوامی مسائل، مسلم امہ کے اتحاد اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا۔ اجتماع میں بڑی تعداد میں مذہبی، سماجی اور سیاسی رہنماؤں کے علاوہ عوام نے شرکت کی۔
مولانا نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام ایک دوسرے کے لیے احترام اور محبت رکھتے ہیں، ضرورت صرف سیاسی سطح پر واضح اور مستقل رابطے کو مضبوط بنانے کی ہے۔