صدر زرداری اور شاہ عبداللہ دوم کی ملاقات،صدر نے نشانِ پاکستان کا اعزاز عطا کیا
اسلام آباد: صدرِ آصف علی زرداری سے اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدرِ مملکت نے شاہِ اردن کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نوازا، جبکہ شاہ عبداللہ دوم نے بھی صدر آصف علی زرداری کو "وسام النہضۃ المرصع” کا اعزاز پیش کیا۔
ایوانِ صدر آمد پر صدر آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ دوم کا پرتپاک استقبال کیا۔ شاہی وفد میں شہزادہ غازی بن محمد، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ ایمن الصفدی، اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف حنیطی شامل تھے۔
خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر شیری رحمٰن بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ، برادرانہ اور مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے عوامی روابط بڑھانے، مختلف شعبوں میں شراکت داری توسیع دینے اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔
صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداللہ دوم نے فلسطینی عوام کے لیے اپنے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے:
فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو یکسر مسترد کیا
مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت کی
1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کو دارالحکومت بناتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا
ملاقات کے بعد ایک پروقار تقریب میں صدرِ پاکستان نے شاہِ اردن کو نشانِ پاکستان عطا کیا۔ جواباً شاہ عبداللہ دوم نے صدر زرداری کو وسام النہضۃ المرصع پیش کیا، جو اردن کی جانب سے سربراہانِ مملکت کو دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، کابینہ اراکین اور سفارتی کور کے نمائندے شریک ہوئے۔
شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں پرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں اعلیٰ حکومتی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔