اسلام آباد،غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف پولیس آپریشن، 17 افراد گرفتار
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 17 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر قانونی افغان باشندوں کی موجودگی کی اطلاع پر اسلام آباد پولیس نے ایس پی سٹی کی قیادت میں تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے بری امام میں آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران غیر قانونی افغان شہریوں نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم اہلکاروں نے پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے تمام 17 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افغان باشندوں کو حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ تمام غیر قانونی افغان شہریوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ڈیپورٹ کیا جائے گا۔