قومی گندم پالیسی 2025-26 کی منظوری، خریداری قیمت 3,500 روپے فی من مقرر

0

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے قومی گندم پالیسی 2025-26 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت گندم کی خریداری قیمت 3,500 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔ یہ قیمت بین الاقوامی درآمدی ریٹ کے مطابق ہوگی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وزرائے اعلیٰ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نئی پالیسی کا مقصد عوامی مفاد کے تحفظ کے ساتھ کسانوں کو منصفانہ منافع دینا ہے۔

پالیسی کے تحت وفاقی و صوبائی حکومتیں 6.2 ملین ٹن گندم بطور اسٹریٹجک ذخیرہ خریدیں گی، جبکہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ کی سربراہی میں ایک قومی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو پالیسی کے نفاذ اور ہم آہنگی کی نگرانی کرے گی اور ہفتہ وار وزیراعظم کو رپورٹ دے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گندم پاکستان کی زرعی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور یہ پالیسی کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور غذائی تحفظ یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.