مشترکہ اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان کا شدید احتجاج، نعرے بازی،شور شرابہ، صدر نے ہیڈ فون لگا کر خطاب کیا

0

اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر آصف علی زرداری کے خطاب کے موقع پر پی ٹی آئی ارکان نے شدید احتجاج، نعرے بازی اور شور شرابہ کیا۔

پی ٹی آئی ارکان بانی کی تصاویر والے پوسٹرز لہراتے رہے، احتجاج کے باوجود صدر نے ہیڈ فون لگا کر اپنا خطاب جاری رکھا۔

سپیکر نے جیسے ہی صدر زرداری کو خطاب کی دعوت دی تو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے نشست پر کھڑے ہو گئے اور بولنے کا وقت مانگا مگر سپیکر نے ان کی بات سنی ان سنی کردی اور صدر نے خطاب شروع کر دیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور شور شرابہ شروع کر دیا جس پر صدر نے ہیڈ فون لگا کر اپنا خطاب جاری رکھا۔

وزیراعظم اور دیگر ارکان بھی ہیڈ فون لگا کر صدر کا خطاب سنتے رہے، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عامر ڈوگر، ڈاکٹر نثار جٹ ،زرتاج گل اور جمشید دستی نعرے لگواتے رہے، پی ٹی آئی ارکان نے ہاتھوں میں پلے کارڈزبھی اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے،جمشید دستی بانی پی ٹی آئی کی تصویر والا پوسٹر سپیکر ڈائس کے سامنے بھی لہراتے رہے۔

پیپلز پارٹی کے رکن قادر پٹیل وہاں کھڑے رہے تاکہ کوئی ایسی حرکت نہ ہو جس سے صدر کے خطاب میں خلل آئے. اپوزیشن ارکان کے احتجاج میں ہی صدر نے اپنا خطاب مکمل کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.