کوپ 29 افتتاحی تقریب، وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں
باکو:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے باکومیں کانفرنس آف پارٹیز (COP-29) کے کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
وزیرِاعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی اورپاکستان-متحدہ عرب امارات کے مابین موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
وزیرِ اعظم نے ترک صدر رجب طیب ایردوان اور ترکیہ کی خاتون اول امینہ ایردوان سے بھی ملاقات کی .
ملاقات میں ترکیہ پاکستان کے ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیرِ اعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیویف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے بھی ملاقات کی.
ملاقات میں وسط ایشیائی ممالک اور پاکستان میں گلیشیئرز و آبی وسائل کے تحفظ پر گفتگو کے ساتھ ساتھ پاکستان کے تاجکستان اور ازبکستان سے مواصلاتی روابط کو وسعت دینے پر گفتگو کی۔
وزیرِ اعظم کی نیپال کے صدر رام چندر پاؤڈیل اور بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے بھی ملاقات ہوئی. ملاقات میں جنوبی ایشیاء میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت، بلند ہوتی سطح سمندر کے خطرات اور جنگلات کے تحفظ پر گفتگو. اسکے علاوہ بنگلہ دیش اور نیپال کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ۔