عمر ایوب وزیراعظم کے لئے امیدوار نامزد ،اسد قیصر دیگر جماعتوں سے مزاکرات کریں گے

0

اسلام آباد : سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی راہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے عمر ایوب خان کو وزیراعظم اور عاقب اللہ کو خیبر پختونخواہ اسمبلی میں سپیکر کا نامزد کر دیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد بیرسٹر محمد علی سیف کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اسمبلیوں سے کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے اس الیکشن کی کوئی ساکھ نہیں ہے اور اسے کوئی بھی مان نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر وہ جے یو آئی ف ،اے این پی، قومی وطن پارٹی اور دیگر ان جماعتوں سے بات چیت کریں گے جو الیکشن کے نتائج کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں تاکہ مل کر حکمت عملی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پی ٹی آئی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرے گی اور ایک احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی جس میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمر ایوب خان وزیراعظم کے عہدے کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے اور وہ وزیراعظم کا انتخاب بھی جیتیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں بیٹھیں گے،استعفے نہیں دیں گے،قانونی جنگ بھی لڑیں گے، ایک دو روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بُلائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.