وزیراعظم کی فلسطین کے صدر سے ملاقات، نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی پر اظہار افسوس
ریاض: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے یہاں ملاقات کی اور فلسطین بالخصوص غزہ میں قابض صہیونی فوجوں کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے قتلِ عام و نسل کشی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا.
وزیرِ اعظم نے صدر محمود عباس کو یقین دلایا کہ پاکستان فلسطین کے لوگوں کی سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھے گا.
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا.
وزیرِ اعظم نے عالمی قوتوں کی غزہ میں جاری بربریت پر خاموشی کو شرمناک قرار دیا.
وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ عالمی قوتیں غزہ میں جنگ بندی، نہتے فلسطینیوں بالخصوص معصوم بچوں کے قتل عام کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں.
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی اور اشیاءِ ضروریہ و طبی امداد کی فراہمی کیلئے راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا.
صدر محمود عباس نے پاکستان کا اس مشکل وقت میں فلسطینیوں کا ساتھ دینے اور غزہ کے محصور مسلمانوں کیلئے امداد بھیجنے پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا.