ورلڈکپ 2023ء،زخمی میکسویل نے آسٹریلیا کو ہارا ہوا میچ جتوا دیا
ممبئی : کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا اور آسٹریلیا کے زخمی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے افغانستان سے فتح چھین کر اپنی ٹیم کو ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغان بائولرز کے سامنے آسٹریلوی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آئی،آسٹریلیا نے 49 رنز کے مجموعی اسکور تک پہنچنے میں 4 وکٹیں گنوائیں، تاہم گلین میکسویل مرد بحران ثابت ہوئے اور انہوں نے اکیلے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا،انہوں نے 21 چوکے اور 10 چھکوں کی مدد سے 201 رنز بنائے۔وہ اننگز کے دوران انجری کا شکار بھی ہوئے تاہم انہوں نے ہمت نہ ہاری اوراپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور ناٹ آئوٹ رہے۔افغانستان کی جانب سے راشد خان عظمت اللہ اور نوین الحق نے 2 ،2 شکار کیے.
افغانستان کو شکست دینے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی۔
افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے،افغان بلے بازوں نے اننگز کا آغاز مایوس کن کیا تاہم ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس کے باعث ان کی ٹیم کا مجموعی سکور 291 تک پہنچنے میں کامیاب ہوا،ابراہیم زادران 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 129 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ راشد خان بھی 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ مچل سٹارک اور ایڈم زیمپا نے 1 ,1 وکٹ حاصل کی۔
گلین میکسویل کو بہترین کارکردگی پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔