پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمن کو امام مان لیا
اسلام آباد : پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمن کو امام تسلیم کر لیا۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے وفد میں اسد قیصر ،علی محمد خان ،بیرسٹر سیف اور جنید اکبر شامل تھے، ملاقات مولانا فضل الرحمن کی اسلام اباد میں واقعہ رہائشگاہ پر ہوئی۔
پی ٹی آئی کے وفد نے مولانا فضل الرحمن کی خوش دامن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کے پیچھے نماز مغرب بھی ادا کی۔
ملاقات کے بعد اسد قیصر کا کہنا تھا کہ چیئر مین پی ٹی آئی سمیت سب کی مرضی اس ملاقات میں شامل تھی آج ہم فاتحہ خوانی کے لیے آئے تھے اور یہ ہمارے کلچر کا حصہ ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹے تک رہا، تلخیاں ختم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کے پاس گئے تھے، ملاقات میں الیکشن دیے گئے وقت کے مطابق صاف اور شفاف ہونے پر گفتگو ہوئی، افغان مہاجرین کے انخلاء سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا مستقبل قریب میں مزید ملاقاتوں پر بھی اتفاق کیا گیا،سیاسی لوگ جب بیٹھتے ہیں تو ملکی سیاسی صورتحال پر بات ہوتی ہی ہے۔