بجلی بلوں میں 48 گھنٹوں میں ریلیف دیں گے ،وزیر اعظم کا اعلان
اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ یہ کہنا درست نہیں ہے کہ ظالم حکمران آ گئے ہیں غریب عوام کا خون چوسیں گے۔
بجلی کے بلوں کے معاملے پر عوام کیلئے 48 گھنٹے میں ریلیف کااعلان کریں گے، قانون کے مطابق انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
جمعرات کو سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت آئین کی ضرورت کے مطابق قائم کی گئی ہے، مختلف شعبوں میں قابل افراد کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، ملک کو معاشی اور سکیورٹی کے بڑے چیلنجز درپیش ہیں، مرض کی درست تشخیص کرکے اس کا علاج کیا جاتا ہے، بجلی کے بلوں کے حوالے سے احتجاج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ ذمہ داری اور آزمائش میرے ذمہ ڈالی ہے، چند روز میں تمام امور کا ادراک ہو گیا ہے، یہ کہنا درست نہیں کہ ظالم حکمران آ گئے ہیں اور غریب عوام کا خون چوسیں گے، کسی کو یہ غلط فہمی ہے تو وہ دور کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سمگلنگ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ جیسے مسائل سمیت مختلف پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کم ہو رہی ہے، غیرپیداواری شعبوں میں منافع پر انحصار کیا جا رہا ہے، ہم بھی ان مسائل کو ٹال سکتے ہیں لیکن یہ معاملہ پھر سامنے آئے گا، ہمیں اس سوال کا جواب ڈھونڈنا پڑے گا، اس کی وجہ سے سماجی و معاشی مسائل پیدا ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا پر ایسے تبصرے کئے جاتے ہیں جو ملک کیلئے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، افغانستان سے ذمہ دارانہ انخلاء نہیں ہوا بلکہ تیزی سے انخلاء کیا گیا جس کے پاکستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک پر اثرات پڑے ہیں، افغانستان کی صورتحال سے غیرریاستی عناصر نے فائدہ اٹھایا، ہم اپنے ملک کے چپے چپے کا فاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کسی کالعدم تنظیم میں یہ صلاحیت نہیں کہ وہ پاکستان کے کسی انچ پر قبضہ کر سکے، ہماری سکیورٹی کے ادارے بھرپور دفاع کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، شفاف اور منصفانہ انداز میں انتخابات کے انعقاد کیلئے کوشاں ہیں، ہم اپنی ذمہ داری پوری کرکے چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے حوالے سے 48 گھنٹوں میں اس بارے میں پالیسی اعلان کریں گے، ایک سے 16 گریڈ تک واپڈا اہلکاروں کے مفت یونٹ کا معاملہ نہیں چھیڑا جائے گا، گریڈ 17 سے 22 تک کیلئے مفت بجلی فراہمی کے معاملے پر دیگر آپشنز پر عمل کریں گے۔