عادی مقدمہ بازوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئی
لاہور : عادی مقدمہ بازوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئ ،پنجاب اسمبلی بحال کرانے جانے والے شہری کو لینے کے دینے پڑ گئے،عدالت سے جرمانہ ہو گیا،لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کی بحالی کے لیے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔ عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری شرافت علی کی درخواست پر پیر کو ابتدائی سماعت کی۔ عدالت نے باور کرایا کہ اگر درخواست گزار نے جرمانے کی معافی کی درخواست دی تو جرمانہ کی رقم بڑھا کردو لاکھ روپے کردیں گے ۔درخواست گزار کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔دوران سماعت عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ کس طرح کی درخواستیں دائر کرتے ہیں۔عدالت نے درخواست گزار شرافت علی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔