سی پیک کی دسویں سالگرہ منانے کی تیاریاں شروع
اسلام آباد : چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی دسویں سالگرہ جولائی میں منائی جائے گی
سی پیک کے نتیجے میں پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں نمایاں اقتصادی ترقی و پیش رفت کا جشن منانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں
وزارت منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات کے اعلامیے کے مطابق سی پیک کی دسویں سالگرہ منانے کی ہدایات وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئیں
اجلاس میں مختلف وزارتوں، ڈویژنوں، چین میں پاکستانی سفارت خانے، پاکستان میں چینی سفارتخانے کی نمائندگی کرنے والے متعدد سرکاری حکام اور اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور انہیں سی پیک منصوبوں میں ہونے والی نمایاں پیش رفت،خاص طور پر اکتوبر 2022 میں ہونے والے 11ویں جے سی سی اجلاس کے بعد اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین سے ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا
احسن اقبال نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس (JWGs) کی باقاعدہ میٹنگیں منعقد کریں۔وزیر نے وزارتوں کو خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کم لاگت کی پیداوار کے ساتھ چینی صنعتی نقل مکانی کو پاکستان میں راغب کیا جا سکے اور آئندہ جے سی سی کے لیے ٹھوس ایجنڈوں کے ساتھ تجاویز کو حتمی شکل دیں جس میں دونوں ممالک سی پیک میں ہونے والی دس سالہ پیش رفت کا جشن منائیں گے۔