عوام کو عید تحفہ،پٹرول اور ڈیزل 22،22روپے سستا ہو گیا
اسلام آباد: حکومت نے عوام کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناظر میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو عوامی ریلیف کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت معیشت کو مستحکم بنانے اور عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، جبکہ عوام نے حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔