یومِ تکبیر قومی جوش و جذبے سے منایا گیا

0

اسلام آباد: ملک بھر میں یومِ تکبیر انتہائی جوش و خروش، ملی جذبے اور قومی یکجہتی کے ساتھ منایا گیا۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان کے کامیاب ایٹمی دھماکوں کی سالگرہ کے موقع پر مختلف تقریبات، سیمینارز اور خصوصی دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، جبکہ قومی سلامتی اور دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے سائنسدانوں اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 28 مئی 1998 ہماری قومی تاریخ کا ایک فیصلہ کن لمحہ تھا، جب پاکستان نے دنیا پر واضح کر دیا کہ وہ اپنی خودمختاری، سلامتی، وقار اور دفاع کے حق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج یومِ تکبیر مناتے ہوئے پوری قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے قائد محمد نواز شریف کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی جراتمندانہ، دلیرانہ اور پُرعزم قیادت نے مئی 1998 میں شدید بین الاقوامی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکوں کے تاریخی فیصلے کو عملی شکل دی۔

وزیراعظم نے پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند اور ایٹمی پروگرام سے وابستہ تمام سائنسدانوں، انجینئرز، مسلح افواج کے بہادر اہلکاروں اور دیگر افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر قومی اتحاد، غیر متزلزل عزم اور قومی طاقت کے تمام عناصر کی اجتماعی قوت کی علامت ہے۔ یہ دن اس عہد کی تجدید بھی ہے کہ پاکستان اپنی آزادی، خودمختاری اور علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم پر زور دیا کہ اس تاریخی دن پر ہم سب ایک مضبوط، خوشحال، متحد اور خودانحصار پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کریں، جو قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر قائم ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.