مناسک حج کا آج سے آغاز، منی میں خیمہ بستی آباد،یوم عرفہ کل ہوگا
مکہ مکرمہ : مناسک حج کا آغاز آج سے ہو گیا ہے ،یوم عرفہ کل منگل کو ہوگا، عازمین حج کی منی روانگی شروع ہو گئی ہے، منی میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہو گی۔
عازمین آج کا دن منی میں گزاریں گے،کل 9 ذوالحج کو منی میں نماز فجر ادا کر کے وہ حج کے رکن اعظم وقوف عرفات کے لیے میدان عرفات پہنچیں گے اور خطبہ حج سنیں گے۔
حجاج ظہر اور عصر کی نماز قصر کے ساتھ ادا کریں گے،غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نماز اکٹھی ادا کریں گے اور رات مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور رمی جمرات کے لیے کنکریاں چنیں گے۔
10 ذی الحج کی صبح حجاج کرام مزدلفہ سے واپس منیٰ آئیں گے اور بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کر کے بال کٹوائیں گے اور احرام کھول دیں گےجس کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کریں گے اور منی واپس آ جائیں گے۔
حجاج کرام 11 اور 12 ذوالحج کو بھی تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے اور منی میں وقت گزاریں گے۔ مکہ مکرمہ سے روانگی سے قبل حجاج کرام طواف وداع کریں گے ۔