وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیر اعظم کا ٹیلیفون
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے ٹیلیفون کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی، جس کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں کی بھرپور حمایت اور توثیق پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے علاقائی سفارت کاری میں قطر کے تعمیری کردار اور جاری ثالثی کوششوں کے حق میں اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تحسین کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مسلسل رابطوں اور قریبی مشاورت کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اُن کے سرکاری دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔
دونوں جانب نے گفتگو کے نتائج پر پیش رفت کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطے باقاعدگی سے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔