وزیراعظم ہانگژو کادورہ مکمل کرنے کے بعد بیجنگ پہنچ گئے

0

بیجنگ: وزیراعظم محمد شہباز شریف ژی جیانگ صوبے کے شہر ہانگژو کادورہ مکمل کرنے کے بعد بیجنگ پہنچ گئے۔

بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر عوامی جمہوریہ چین کے وزیر برائے ماحولیات ہوانگ رون چیو نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

ہانگژو میں وزیراعظم نے تیسرے پاک-چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کی، جس میں چارجنگ انفراسٹرکچر، بیٹری انرجی اسٹوریج، سولر ٹیکنالوجیز اور فارماسیوٹیکل شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

وزیراعظم نے ژی جیانگ کی صوبائی قیادت اور معروف چینی کمپنیوں، جن میں اسٹار چارج، سی اے ٹی ایل اور ژیوزینگ فارماسیوٹیکل شامل ہیں، کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں اور سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے کے لئے عملی اقدامات زیر بحث آئے۔

وزیر اعظم نے علی بابا ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ایگزیکٹو چیئرمین جو سائی نے ان کا استقبال کیا۔بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ سمیت اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ پاکستان اور چین کے مابین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور سی پیک فیز ٹو کے تحت بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.