ہمارے لیے تمام سیاستدان اور سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں ، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی : ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ
ہمارے لیے تمام سیاستدان اور سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں
راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر واضح کر چکے ہیں کہ اصل طاقت کا محور عوام پاکستان ہیں۔ پاکستان کی فوج ایک قومی فوج ہے ہمارے لیے تمام سیاستدان اور سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں۔ فوج کسی خاص جماعت، سوچ یا نظریے کی حامی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تعمیری تنقید کو اہمیت دیتے ہیں لیکن دنیا کی کسی اور فوج کی طرح افواج پاکستان کو دھونس اور فریب سے دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔
آئین پاکستان ہر پاکستانی کو آزادی اظہار رائے کا حق دیتا ہے تاہم یہی آئین آزادی رائے کو چند قوانین اور بندشوں کے اندر قیود کرتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سابق فوجی ہمارا اثاثہ ہیں ان کی بےشمار قربانیاں ہیں ،سابق فوجیوں کی تنظیموں کوسیاست کا لبادہ نہیں اوڑھنا چاہئیے، حکومت اور فوج کا غیر سیاسی اور آئینی رشتہ ہوتا ہے ،فوج کا غیر سیاسی ہونا ہی بہتر مفاد میں ہے،
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف ملک کو درپیش چیلجنز سے نمٹنے کے لیے قومی اتفاق رائے ہونے کے فارمولے کا اظہار کر چکے ہیں، موجودہ حالات میں قومی اتفاق رائے ہونا چاہیے۔
میجر جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات اس وقت کی حکومت کا فیصلہ تھا۔ افواج پاکستان کی دہشت گردوں کیخلاف عسکری سوچ ہے۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے اور دائمی امن تک عسکری سوچ رہے گی۔ کے پی پولیس کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔