پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے گی

0

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کر لیاہے اور خواجہ فاروق کو قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نامزد کر دیا گیا ہے
پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی

یہ اہم فیصلہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی قیادت نے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے گی اور خواجہ فاروق کو ایوان میں قائد حزب اختلاف نامزد کر دیا گیا۔

خواجہ فاروق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فوری طور پر بلائیں گے اور صرف خواجہ فاروق کی جانب سے بلائے گئے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین اسمبلی کو ہی پی ٹی آئی کا حصہ تصور کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواجہ فاروق کی قیادت میں صرف اپوزیشن نشستوں پر بیٹھے ارکان ہی پی ٹی آئی کا حصہ رہ سکیں گے اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پارٹی سے اخراج کا عمل شروع کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی جنہیں پی ٹی آئی اے جے کے کے صدر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ جلد آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کریں گے۔

پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کے بعد حلقہ کی سطح پر امیدواروں کے تعین کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.