پاکستان اور یو اے ای کا حساب بیباک ہو گیا
کراچی: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو سارا قرضہ واپس لوٹا دیا
سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کو واجب الادا تمام رقوم کی ادائیگی مکمل کر دی گئی ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 23 اپریل کو ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کو ایک ارب ڈالر کا ڈپازٹ واپس کر دیا گیا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے 2.45 ارب ڈالر کی رقم بھی ادا کی جا چکی تھی، جس کے بعد متحدہ عرب امارات کو مجموعی طور پر 3.45 ارب ڈالر کے تمام ڈپازٹس کی واپسی مکمل ہو گئی ہے۔
یہ ڈپازٹس متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو مالی معاونت کے طور پر فراہم کیے گئے تھے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دیا جا سکے اور ادائیگیوں کے توازن پر دباؤ کم کیا جا سکے۔ پاکستان کو گزشتہ چند برسوں میں معاشی چیلنجز، بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی جیسے مسائل کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث دوست ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی معاونت اہم رہی۔
ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے پاکستان کی مالی ساکھ بہتر ہوگی اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بروقت ادائیگیوں سے نہ صرف مالی نظم و ضبط کا اظہار ہوتا ہے بلکہ مستقبل میں دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔