پاکستان، ترکیہ اور قطر کا خطے میں امن و استحکام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق
انطالیہ: پاکستان، ترکیہ اور قطر نے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے فروغ کیلئے سفارتکاری اور مکالمے کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ پیش رفت وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب اردوان اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان سہ فریقی ملاقات کے دوران سامنے آئی، جو انطالیہ میں منعقدہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ہوئی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور جاری امن کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر غزہ اور فلسطین میں جاری انسانی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

تینوں ممالک کے قائدین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا اور سفارتی روابط کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔