پاکستان اور ترکیہ کا سٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے اور خطے میں پائیدار امن کے فروغ پر اتفاق

0

انطالیہ:پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور خطے میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے بھی شرکت کی۔


ملاقات کے دوران صدر اردوان نے وزیراعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے فورم میں شرکت کو سراہا اور کہا کہ ترکیہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترک قیادت کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم عالمی سطح پر مکالمے اور تعاون کے فروغ کا مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

انہوں نے صدر اردوان کو جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور خطے میں دیرپا امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ سمیت خطے کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سفارتکاری اور مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔

پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں فریقین نے اقتصادی، تجارتی اور تزویراتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

اس ضمن میں رواں سال انقرہ میں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آٹھویں اجلاس کے انعقاد اور جاری منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.