کینیڈا کے وزیراعظم کا شہباز شریف کو فون،سفارتی کاوشوں کی تعریف
اسلام آباد: شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے، کشیدگی میں کمی لانے اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
یہ بات انہوں نے کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔ کینیڈین وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی اقدامات کی بدولت عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی اور امریکہ۔ایران مذاکرات کا انعقاد ممکن بنا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کینیڈا کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیش رفت کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے اپنے کینیڈین ہم منصب کو مناسب وقت پر پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔