وزیراعظم کی سکھ برادری کو بیساکھی کے تہوار کی مبارکباد

0

اسلام آباد: شہباز شریف نے سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف مذاہب کے تہواروں کا احترام بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔

منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اپنے پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو بیساکھی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھی پنجاب کی روایتی و ثقافتی اہمیت کا حامل تہوار ہے، جو کسانوں کی محنت کے بعد فصل کی کٹائی کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ تہوار محنت، صبر اور شکرگزاری کا پیغام دیتا ہے اور انسانیت کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان آکر گوردوارہ پنجہ صاحب اور گوردوارہ جنم استھان میں بیساکھی کی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سکھ اور ہندو یاتریوں کو خوش آمدید کہتی ہے اور ان کے قیام کے دوران مذہبی مقامات پر ہر ممکن سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق ثقافتی تنوع اور رنگارنگی ایک زندہ دل معاشرے کی بنیاد ہیں اور اجتماعی خوشیوں کو مل کر منانا سماجی اتحاد کو مضبوط بناتا ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی تعلیمات اور آئین پاکستان تمام شہریوں کو بلا تفریق مذہب و رنگ مساوی حقوق اور مذہبی آزادی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے بنیادی انسانی، مذہبی اور شہری حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

 وزیراعظم نے عالمی امن، استحکام اور فلاحِ انسانیت کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کرتے ہوئے ایک بار پھر بیساکھی کی خوشیوں کی مبارکباد دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.